جمعہ 19 دسمبر 2025 - 10:45
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مظلوموں کی آواز ہیں، ان پر بلا اشتعال تشدد قابلِ افسوس اور مذمت؛ علماء کا مذمتی بیان

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے پنجاب حکومت کے ناروا سلوک کے بعد پاکستان میں علماء اور تشیع میں غم و غصّے کی ایک لہر دوڑ گئی ہے اور اس سلسلے میں مذمتی بیان اور مطالبات کا سلسلہ جاری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے پنجاب حکومت کے ناروا سلوک کے بعد پاکستان میں علماء اور تشیع میں غم و غصّے کی ایک لہر دوڑ گئی ہے اور اس سلسلے میں مذمتی بیان اور مطالبات کا سلسلہ جاری ہے۔

علامہ شہنشاہ حسین نقوی سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان

پاکستان کے معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے دوران عالم دین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عبّاس جعفری اور دیگر نہتے عوام پر بلا اشتعال تشدد اور طاقت کے بے دریغ استعمال پر شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

علامہ راجہ ناصر عبّاس جعفری کے ساتھ کیا گیا سلوک نہ صرف قابل مذمت ہے، بلکہ ہمارے اخلاقی رویوں پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

سخت ترین سردی میں واٹر کینن کا استعمال درحقیقت انسانی، اسلامی اور جہموری اقدار کی پامالی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو تحفظ فراہم کریں۔

میں حفاظتی اداروں سے اس واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف فوری اور شفاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

علامہ سید ناظر عباس تقوی مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان

مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیئر عالمِ دین راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے پُرامن احتجاجی دھرنے میں حکومت کی جانب سے ناروَا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

علامہ ولایت حسین جعفری ایم ڈبلیو ایم رہنما بلوچستان

مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری نے اڈیالہ جیل کے قریب مظاہرین بالخصوص علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر پولیس کے رویہ کو سانحہ قرار دیا اور سخت الفاظ میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست اور معاشرے میں عزت و احترام کے روایتی اقدار کے مکمل انہدام اور ایک قومی رہنماء کے ساتھ ناقابل معافی زیادتی قابلِ مذمت ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک سیاہ باب کے طور پر درج ہوگا۔ راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والا واقعہ نہ صرف انسانی حرمت کے منافی ہے، بلکہ ہمارے اسلامی تعلیمات، آئینی تقاضوں اور جمہوری اصولوں پر ایک کاری ضرب ہے۔ ہمیں انتہائی دکھ، غصہ اور افسوس کے ساتھ اس واقعے کی تصدیق کرنی پڑ رہی ہے جس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ اور قومی و مذہبی اتفاق رائے کی ایک نمایاں شخصیت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ پنجاب پولیس کی جانب سے نہایت ہی ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک روا رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ بزرگ ہیں جو ہمیشہ لباس رسول (ص) اور عمامہ شریف کی صورت میں پیغام امن و آشتی کی تبلیغ کرتے رہے ہیں۔ ان کے مذہبی لباس اور وقار کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے واٹر کینن جیسے ہتھیار استعمال کرنا محض ایک فرد کی توہین نہیں، بلکہ پوری قوم کے جذبات اور مذہبی تقدس کی بے حرمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی فوری طور پر ایک آزاد اور غیر جانبدار عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، تاکہ ذمہ دار افراد کو بلا امتیاز قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ معزز قائد کے ساتھ پیش آنے والی اس زیادتی پر معافی کے ساتھ ساتھ فوری اور عملی اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے مزید کہا پوری قوم کی توجہ اس طرف دلانا چاہتے ہیں کہ اگر آج علامہ راجہ ناصر عباس جعفری جیسے قومی رہنماء کے ساتھ ایسا سلوک ممکن ہے، تو عام شہری کی حرمت و سلامتی کا مستقبل کیا ہوگا؟

یہ رویہ دراصل عوام کے جمہوری حقوق کو پامال کرنے اور آوازوں کو دبانے کی ایک خطرناک کوشش ہے۔

علامہ عبد اللہ مطہری صدرِ مجلسِ علمائے مکتبِ اہلبیت صوبۂ سندھ

سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر جعلی حکومت کی پالتو پنجاب پولیس کی جانب سے کئے گئے ظلم و تشدد اور بے حرمتی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

علامہ نشان حیدر ساجدی نائب صدر کراچی ڈویژن

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو اڈیالہ جیل کے باہر موجود مردو خواتین پر امن شہریوں پر پنجاب پولیس کے جانب سے بہیمانہ سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین صوبۂ سندھ (زون اے)

آئین و قانون کی بالادستی، عوامی حقوق کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی جبر کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ علی حسنین حسینی

قائدِ وحدت ناصر ملت چیئرمین مجلس وحدت مسلمین سینیئر عالمِ دین راجہ ناصر عباس جعفری اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں پر پنجاب پولیس کا وحشیانہ تشدد ریاستی جبر، آئین شکنی اور اخلاقی دیوالیہ پن کی بدترین مثال ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

علامہ ایاز حسین قمی، مذہبی اسکالر

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی حمایت کرنا ہر مظلوم پر فرض ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کروڑوں مظلوموں کی آواز ہے اس کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha